ممبئی،16؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا لاک ڈاون کے بعد قریب آٹھ ماہ تک مساجد اور دیگر مذہبی مقامات آج سے دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی ممبئی سمیت ریاست مہاراشٹرا کے عوام میں خوشی کی لہر دیکھی گئی۔
حکومت کےفیصلہ کے بعد لوگوں نے بڑی تعداد میں مندر اور مساجد میں عبادت کی۔ ادھر مسلم مذہبی رہنماؤں نے مساجد کھلنے پر آل انڈیا رضا اکیڈمی کے صدر سعیدنوری نے مسلمانوں سے یہ اپیل کی تھی کہ دو رکعت نفل نماز ادا کرے۔ انہوں نے حکومت مہاراشٹرکے اقدام کو بھی لائق ستائش قرار دیا ۔
رضا اکیڈمی کے ترجمان عارف رضوی نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے اور سعید نوری کے بیان کے مطابق مہلک وباء کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کو سخت تکلیفیں اٹھانی پڑی ہیں ،خاص طور پر مسلمانوں کو ان کے مذہبی امور کی انجام دہی میں بڑی دشواریاں پیش آئی جس میں سب سے اہم پنچوقتہ نماز باجماعت کا مسئلہ تھا جس پر انتظامیہ نے پانچ افراد سے زائد پر روک لگا رکھی تھی تقریباً 8ماہ کے بعد حکومت مہاراشٹر نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے مساجد و درگاہ کو کھولنے کی اجازت دی ہے۔
سعید نوری نے کہاکہ حکومت کافیصلہ مسلمانوں کے لیے خوش آئند ہے۔جس کیلئے ہم سب کو پہلے رب کریم کا فضل خاص کر سجدہ شکر بجا لانا چاہئے اور نبی رحمت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بارگاہ ناز میں ہدیہ درود و سلام پیش کرنا چاہیے،جن کے صدقے پر ہمیں اللّٰہ رب العزت کے گھر میں سجدہ ریز ہونے کا شرف حاصل ہوا ہے۔